(ایجنسیز)
فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج نے "الجلمہ" فوجی کیمپ کی توسیع کے لیے فلسطینیوں کی کئی کینال اراضی پر قبضہ کرنے کے بعد اس میں کھدائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق صہیونی فوج پچھلے چار روز سے مغربی کنارے ہے شمالی شہر جنین کے الجلمہ قصبے کے شمال مغرب میں فلسطینیوں کی زرعی اراضی کی کھدائی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کھدائیوں کا مقصد الجلمہ فوجی کیمپ اور فوجی چوکی میں توسیع کرنا ہے۔
خیال رہے کہ الجلمہ فوجی چیک پوسٹ مغربی کنارے اور شمالی فلسطین کے سنہ 1948ء کے مقبوضہ علاقوں کے درمیان رابطے کا واحد ذریعہ ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ
نگارکو بتایا کہ صہیونی فوج نے عبدالقادر ابو فرحہ اور محمود حسن ابو فرحہ کی زرعی اراضی پر چند ماہ قبل قبٰضہ کیا تھا۔ اب وہاں پر فوجی کیمپ کی تعمیرات کے لیے کھدائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
درایں اثناء فلسطینی خبر رساں ایجنسی" وفاء" نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیل کی "عیدالفصح" کے موقع پر الجلمہ گذرگاہ کو فلسطینیوں کی آمد ورفت کے لیے آئے روز بند کیا جا رہا ہے۔ چار دن تک فلسطینی شہری مغربی کنارے اور سنہ 1948ء کے مقبوضہ عرب شہروں میں اس راستے سے سفر نہیں کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق پابندی کا اطلاق 14 ،15 اور 20 اور 21 اپریل کی تاریخوں میں ہو گا۔ فلسطینی شہریوں نے صہیونی فوج کی جانب سے نقل وحرکت پر پابندی لگانے کے فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔